اردو بلاگ بنانا بہت ہی آسان ہے۔ جس کے لئے بہت زیادہ مہارت کی ضرورت نہیں بلکہ یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ اردو بلاگ بنانا اب بچوں کا کھیل ہے۔ آپ مفت کی سروس استعمال کرتے ہوئے بھی اردو بلاگ بنا سکتے ہیں اور تھوڑے سے پیسے خرچ کر یعنی اپنے ذاتی ڈومین نیم اور ہوسٹنگ پر بھی اردو بلاگ بنا سکتے ہیں۔ اگر آپ کی پہلے سے ہی کوئی ویب سائیٹ ہے تو اس پر یا اس کی سب ڈومین پر بھی اردو بلاگ بنا سکتے ہیں۔ اردو بلاگ بنانے کے لئے کئی طریقے اور بہت قسم کے سی ایم ایس موجود ہیں۔ یہاں چند ایک طریقے اور ”ورڈپریس“ سی ایم ایس کے بارے میں بات کریں گے۔
ڈومین نیم اور ہوسٹنگ
ڈومین نیم یعنی ویب سائیٹ کا پتہ اور ہوسٹنگ ایسے ہی ہے جیسے گھر کا ”پتہ“ اور” گھر“ یعنی ڈومین نیم ”پتہ“ اور ہوسٹنگ ”گھر“۔ جب کسی نے کسی گھر جانا ہوتا ہے تو پہلے اس کا پتہ معلوم کرتا ہے اور پھر وہ پتہ اسے گھر تک پہنچا دیتا ہے۔ ایسے ہی ڈومین نیم ہوتا ہے۔ کوئی ڈومین نیم اپنے ویب براؤزر میں لکھتا ہے اور پھر وہ ڈومین نیم اسے گھر تک یعنی ہوسٹنگ تک پہنچا دیتا ہے۔ اب ہوسٹنگ ہی اصل جگہ ہوتی ہے جہاں آپ کی ویب سائیٹ کا مواد ہوتا ہے۔
چند دیگر بنیادی باتیں
پیسے خرچ کر ذاتی ڈومین نیم اور ہوسٹگ پر بلاگ بنانے سے مراد یہ ہے کہ آپ اپنے خاص نام کی ڈومین لیتے ہیںاور اس کے بعد آپ اپنی ویب ہوسٹنگ بھی لیتے ہیں۔ یہ بالکل ویسے ہی ہے جیسے آپ اپنی دیگر ویب سائیٹس بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ مفت سروس کا استعمال یہ ہے کہ کئی کمپنیاں بلاگ بنانے کی سہولت دیتی ہیں۔ اس کی سب سے بڑی مثال گوگل کی بلاگر یا بلاگسپاٹ اور ورڈپریس آرگنائیزیشن کی ورڈپریس ڈاٹ کام ہیں۔ یہ دونوں کمپنیاں مفت میں بلاگ بنانے کی سروس دیتی ہیں۔ بلاگر اور بلاگسپاٹ ایک ہی سروس کے دو نام ہیں۔ اس کے علاوہ ورڈپریس آرگنائیزیشن آپ کو اپنی ذاتی ہوسٹنگ پر بلاگ بنانے کے لئے ایک ورڈ پریس سی ایم ایس مفت میں فراہم کرتی ہے۔ یہ سی ایم ایس اس وقت بلاگنگ کے حوالے سے سب سے زیادہ کامیاب اور مشہور سی ایم ایس ہے۔ سی ایم ایس یعنی کانٹینٹ مینجمنٹ سسٹم کو آسان الفاظ میں آپ ایک سافٹ ویئر کہہ سکتے ہیں جو کہ ویب سائیٹ پر انسٹال ہوتا ہے اور پھرچند ایک چھوٹی چھوٹی تبدیلیوں کے بعد آپ کی ویب سائیٹ تیار ہو جاتی ہے۔ یاد رہے ورڈ پریس اپنی ویب سائیٹ ورڈپریس ڈاٹ کام پر بھی بلاگ بنانے کی سہولت دیتا ہے اور اگر آپ اپنی ذاتی ڈومین اور ہوسٹنگ پر بلاگ بنانا چاہیں تو اس کے لئے مفت میں سی ایم ایس دیتا ہے اور اس سی ایم ایس کا نام بھی ورڈپریس ہے۔