مائیکروبلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر کی جانب سے گذشتہ روز اعلان کیا گیا ہے کہ اب ویب سائیٹ چار دائیں سے بائیں لکھی جانے والی زبانوں ، اردو ، فارسی ، عربی اور عبرانی زبان میں بھی دستیاب ہے۔

کم و بیش 13000 رضاکار ٹرانسلیٹرز کی بدولت ٹوئٹر نے اب اپنی ویب سائیٹ پر افریقہ ، مشرق وسطی اور جنوبی ایشیا کی زبانوں کو بھی شامل کر لیا۔ ٹوئٹر اس پراجیکٹ پر 25 جنوری سے کام کر رہا تھا۔

دائیں سے بائیں لکھی جانے والی زبانوں کو ویب سائیٹ میں شامل کرنا ایک مشکل کام تھا جسکے لیے کمپنی نے نئے فریم ورک متعارف کروائے۔

گوکہ ٹوئٹر اب اردو زبان میں بھی دستیاب ہے لیکن ابھی صارفین اتنی جلدی اردو ویب سائیٹ کو نہیں اپنائیں گے۔ کیونکہ اکثر کمپیوٹرز پر اردو پڑھنا ممکن نہیں اور ویسے بھی ویب سائیٹس پر زیادہ تر مواد انگریزی زبان میں ہوتا ہے۔

ان چار نئی زبانوں کے اضافہ سے ٹوئٹر اب 28 مختلف زبانوں میں دستیاب ہے جن میں سے 5 دائیں سے بائیں لکھی جانے والی زبانیں ہیں۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اردو زبان منتخب کرنے کے لیے ٹوئٹر اکاونٹ میں جا کر زبان کی سیٹنگز کو تبدیل کریں۔