دیکھو یہ اک لاش پڑی ہے
لہو میں لتھڑی خاک آلودہ بکھری بکھری
غیر یا اپنا، کون ہے جانے
آؤ دیکھیں‌اور پہچانیں
نقش مٹا ڈالے گولی نے
…رنگت خون میں‌ڈوب گئی ہے
جیب ٹٹولو کیا رکھا ہے
یہ دو خون سے تر گجرے ہیں
دس دس کے دو نوٹ رکھے ہیں
ہاتھ جو نیچے دبا ہوا ہے
اس کی سخت گرفت میں‌کیا ہے
شائد ہے سکول کا بستہ
یہ اک پرچہ ہے، خط ہے شائد
ٹوٹی پھوٹی سی اردو میں
رنگین پنسل سے لکھا ہوا ہے
آج جو بھولے بستہ میرا
کُٹی ہوجائے گی آپ سے
ٹافی اور بسکٹ بھی لانا
پیارے ابو جلدی آنا
پیارے ابو جلدی آنا