پھر قریش کے متعدد آدمی باری باری للکارتے ہوئے آگے بڑھے۔ مجاہدین کے مقابلے میں مرتے گئے۔ قریش کا سالارِ اعلیٰ ابو سفیان اپنے آدمیوں کو گرتا دیکھ کر غصے سے بے قابو ہو گیا۔ جنگی دستور کے مطابق اسے انفرادی مقابلے کیلئے نہیں اترنا چاہیے تھا کیونکہ وہ سالار تھا۔ اس کے مارے جانے سے اس کی فوج میں ابتری پھیل سکتی تھی لیکن وہ اپنے آپ پر قابو نہ رکھ سکا وہ گھوڑے پر سوار تھا۔ اس نے گھوڑے کو ایڑھ لگائی اور للکارتا ہوا آگے چلا گیا۔ اس کی بیوی ہند نے اسے جاتے دیکھا تو اپنے اونٹ پر سوار ہو کر آگے چلی گئی اور بڑی بلند آواز سے وہی گیت گانے لگی ۔جس کے اشعار یہ بھی تھے کہ تم بھاگے آئے تو ہم تمہیں اپنے قریب نہیں آنے دیں گی۔“ابو سفیان گھوڑے پر سوار تھا لیکن اس کے مقابلے کیلئے جو مسلمان آگے آیا وہ پیادہ تھا۔ تاریخ اسے ”حنظلہ بن ابو عامرؓ“ کے نام سے یاد کرتی ہے ۔ابو سفیان کے ہاتھ میں لمبی برچھی تھی۔ کسی کو بھی توقع نہیں تھی کہ تلوار والا ،پیادہ برچھی والے گھڑسوار سے زندہ بچ جائے گا۔ ابو سفیان کا گھوڑا حنظلہؓ پر سر پٹ دوڑا آیا ۔ابو سفیان نے برچھی تول کر پھر تاک کر ماری لیکن حنظلہؓ پھرتی سے ایک طرف ہو گیا ۔اس طرح تین مرتبہ ہوا۔ تیسری مرتبہ ابو سفیان کا گھوڑا نکل گیا تو حنظلہؓ اس کے پیچھے دوڑ پڑا ۔گھوڑا رک کر پیچھے کو مڑا تو حنظلہؓ اس تک پہنچ چکا تھا ۔ابو سفیان اسے دیکھ نہ سکا ۔حنظلہؓ نے گھوڑے کی اگلی ٹانگوں پر ایسا زور دار وار کیا کہ گھوڑا گر پڑا ۔ابو سفیان دوسری طرف گرا ۔حنظلہؓ اس پر حملہ کرنے کو آگے بڑھا تو ابو سفیان گرے ہوئے گھوڑے کے اردگرد دوڑ دوڑ کر اپنے آپ کو بچانے لگا اور اس کے ساتھ ہی اس نے قریش کو مدد کیلئے پکارا۔ قریش کا ایک پیادہ دوڑا آیا۔ مسلمان اس غلط فہمی میں رہے کہ یہ آدمی ابو سفیان کو اپنے ساتھ لے جائے گا لیکن اس نے بے اصولی کا مظاہرہ کیا۔ پیچھے سے حنظلہ ؓپر وار کر کے اسے شہید کر دیا ۔ابو سفیان اپنی صفوں میں بھاگ گیا۔
آخری مقابلے کیلئے قریش کی طرف سے عبدالرحمٰن بن ابو بکر آیا۔ مؤرخ واقدی نے یہ واقعہ اس طرح بیان کیا ہے کہ عبدالرحمٰن بن ابو بکر کی للکار پر اس کے والد حضرت ابو بکر صدیقؓ جو اسلام قبول کرکے رسول اﷲ ﷺ کے ساتھ تھے۔ تلوار نکال کر اپنے جوان بیٹے کے مقابلے کیلئے نکلے۔

(جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔)