یوں تو بلاگ بنانے کے لئے کئی ایک مفت سروس میسر ہیں۔ جن میں سرفہرستblogger.com اور wordpress.com ہیں۔ یاد رہے بلاگر اور بلاگ اسپاٹ ایک ہی سروس کے دو نام ہیں۔ ان کے علاوہ مفت سروس کا استعمال کرتے ہوئے ایک طریقہ اور بھی ہے۔اس طریقے کا بہت کم لوگوں کو علم ہے اس طریقے کے ذریعے ہم ڈومین نیم اور ہوسٹنگ تو مفت میں حاصل کرتے ہیں لیکن یہ طریقہ ایسے ہی ہے جیسے ڈومین نیم اور ہوسٹنگ خرید کر بلاگ بنایا جاتا ہے۔

اردو بلاگنگ کے حوالے سے مفت کی سروس کے کچھ فوائد اور نقصانات

بلاگر ڈاٹ کام(blogger.com)
ایک بہترین اور معیاری سروس جو کہ گوگل مہیا کر رہا ہے۔ بلاگر ڈاٹ کام پر بلاگ اور بلاگ کا مواد ضائع ہونے کا اندیشہ بہت ہی کم ہے بلکہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ بلاگر ڈاٹ کام کے لئے تھیم بھی آسانی سے میسر ہیں اور اپنی مرضی کا تھیم اپلوڈ کیا جا سکتا ہے اور اس میں تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔فی الحال تبصرہ کرنے کے لئے اردو ایڈیٹر نہیں لگایا جاسکتا۔ اس کے علاوہ چند ایک غیر ضروری سہولیات میسر نہیں جو باقی بلاگنگ سروس میں میسر ہیں۔ اردو بلاگنگ کے لئے مناسب سروس ہے۔
ورڈپریس ڈاٹ کام(wordpress.com)
انگریزی بلاگنگ کے لئے بہترین اور معیاری سروس ہے لیکن اردو بلاگنگ کے لئے معیاری نہیں۔ اس میں خود سے اپنی مرضی کا تھیم اپلوڈ نہیں کیا جا سکتا بلکہ جو ورڈپریس ڈاٹ کام والوں نے پہلے سے اپلوڈ کیے ہیں ان کو ہی استعمال کیا جا سکتا ہےاور وہ تھیم انگریزی کے لئے ہیں اس لئے اردو بلاگ کے لئے بہتر نہیں۔ اس کے علاوہ تھیم میں خود سے تبدیلی بھی نہیں کی جا سکتی۔ جس کی وجہ سے اردو فونٹ کئی جگہ پر ٹھیک یا خوبصورت نظر نہیں آتا۔ اس میں بھی تبصرہ کرنے کے لئے اردو ایڈیٹر نہیں لگایا جا سکتا۔ مجھے ذاتی طور پر یہ سروس اردو بلاگنگ کے حوالے سے پسند نہیں کیونکہ اس میں پوری طرح سے اردو کے لئے سہولیات میسر نہیں۔
مفٹ ڈومین نیم اور مفت کی ہوسٹنگ
یہ طریقہ مجھے ذاتی طور پر بہت پسند ہے۔ جیسا کہ پہلے کہا یہ طریقہ ایسے ہی ہے جیسے ڈومین نیم اور ہوسٹنگ خرید کر بلاگ بنایا جاتا ہے۔ اس طریقہ میں آزادی ہی آزادی اور اختیارات ہی اختیارات ہیں۔ ذاتی ہوسٹنگ کے بعد اردو بلاگنگ کے لئے یہ بہترین سروس ہے۔ آپ اپنی مرضی کا تھیم منتخب کریں یا چاہے جو مرضی استعمال کریں۔ اس طریقہ کا فی الحال تو کوئی نقصان نہیں لیکن ڈر صرف اس بات کا ہے کہ پتہ نہیں کب یہ مفت کی سروس بند ہو جائے اور آپ کا بلاگ غائب۔ اس لئے آپ کو ساتھ ساتھ بلاگ کا بیک اپ رکھنا پڑتا ہے۔ ویسے بلاگ کا بیک اپ ذاتی ہوسٹنگ پر بھی رکھنا چاہئے کیونکہ ٹیکنالوجی کا کیا پتہ کس وقت دھوکہ دے جائے۔ اس طریقہ میں جو مفت میں ڈومین نیم حاصل کرتے ہیں وہ ڈاٹ کام (.com) وغیرہ کی بجائے ڈاٹ کو ڈاٹ سی سی (co.cc) میں ہوتا ہے۔ مفت میں ڈومین نیم حاصل کرنا ہے تو کچھ تو اپنی مرضی سے نہیں ہو گا۔ خیر میرے خیال میں بلاگنگ شروع کرنے کے لئے مفت سروس میں یہ طریقہ سب سے بہتر ہے اور کئی بڑے بڑے بلاگر اسی طریقہ کو استعمال کر رہے ہیں۔