بلیک بیری ایپ ورلڈ اب پاکستان میں بھی دستیاب
بلیک بیری صارفین کے لیے کمپنی کا آفیشل ایپلی کیشن سٹور ’بلیک بیری ایپ ورلڈ‘ اب EMS کے تعاون سے پاکستان میں بھی دستیاب ہے۔
EMS کی جانب سے جاری کیے گئے ایک اعلامیہ کے مطابق ، بلیک بیری ایپ سٹور اب پاکستانی صارفین کے لیے بھی دستیاب ہے ، جہاں سے وہ اپنی مرضی کی ایپلی کیشنز ڈاؤنلوڈ کر سکیں گے۔
دنیا بھر میں بلیک بیری صارفین روزانہ کم و بیش 6 ملین ایپلی کیشنز ڈاونلوڈ کرتے ہیں جبکہ اس ایپلی کیشن سٹور میں 70000 سے زائد ایپلی کیشنز دستیاب ہیں۔
اس موقع پر EMS کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بابر خان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں بلیک بیری ایپ ورلڈ متعارف کروانے پر بے حد خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ اس ایپلی کیشن سٹور کے ذریعے اب بلیک بیری صارفین اپنی مرضی کی ایپلی کیشنز بذریعہ کریڈٹ کارڈ یا پے پال خرید سکیں گے۔
یاد رہے کہ بلیک بیری ایپ ورلڈ اپریل 2009 میں امریکہ ، کینیڈا اور برطانیہ میں متعارف کروائی گئی اور اس حوالے سے پہلے ٹیلی کام آپریٹر بلنگ سسٹم نے اگست 2010 میں کام شروع کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فروری 2012 میں پاکستان میں ایپ ورلڈ کو مختصر عرصہ کے لیے چالو کیا لیکن بعد ازاں اسے پھر سے بند کر دیا گیا۔
پاکستان میں بلیک بیری ایپلی کیشن سٹور متعارف کروانے کے بعد اب یہ سروس 14 زبانوں میں 130 ملکوں میں دستیاب ہے، اور یہ 26 مختلف کرنسیوں کی سہولت فراہم کرتی ہے۔