خالد سوچ سمجھ کر اپنے سوار دستے کو اس پہلو پر لایا تھا۔ اپنے باپ کی تربیت کے مطابق اسے بڑی خود اعتمادی سے توقع تھی کہ وہ ہلہ بول کر مسلمانوں کو اس پوزیشن میں لے آئے گا کہ وہ پسپا ہو جائیں گے اور اگر جم کر نہ لڑے تو قریش کے گھوڑوں تلے کچلے جائیں گے ۔مگر مسلمانوں کے پہلو سے اس کے سوار ابھی دور ہی تھے کہ اوپر سے تیر اندازوں نے اس کے اگلے سواروں کو نا آگے جانے کے قابل چھوڑا نہ وہ پیچھے ہٹنے کے قابل رہے ۔ایک ایک سوار کئی کئی تیر کھا کر گرا اور جن گھوڑوں کو تیر لگے انہوں نے خالد کے سوار دستے کیلئے قیامت بپا کردی۔ پیچھے والے سواروں نے گھوڑے موڑے اور پسپا ہو گئے۔
ادھر قریش کی عورتوں نے دف اور ڈھولک کی تھاپ پر وہی گیت گانا شروع کر دیا جو ہند نے اکیلے گایا تھا۔” عبدالدا ر کے سپوتو! ہم رات کی بیٹیاں ہیں ہم تم تکیوں کے درمیان “
مؤرخ واقدی لکھتا ہے کہ عربی جنگجوؤں کے اس وقت رواج کے مطابق ایک ایک جنگجو کے لڑنے کا مرحلہ آیا۔ سب سے پہلے قریش کے پرچم بردار طلحہ بن ابو طلحہ نے آگے جا کر مجاہدین ِ اسلام کو للکارا کہ اس کے مقابلے کیلئے کسی کو آگے بھیجو ۔”آ میرے دین کے دشمن !“حضرت علیؓ نے تند ہوا کے جھونکے کی طرح آگے آ کر کہا۔” میں آتا ہوں تیرے مقابلے کیلئے ۔“
طلحہ اپنے قبیلے کا پرچم تھامے تلوار لہراتے ہوئے بپھرا ہوا آیا مگر ا س کا وار ہوا کو چیرتا ہوا گزر گیا ۔وہ ابھی سنبھل ہی رہا تھا کہ حضرت علیؓ کی تلوار نے اسے ایسا گہرا زخم لگایا کہ پہلے اس کا پرچم گرا پھر وہ خود گرا ۔قریش کا ایک آدمی دوڑا آےا اور پرچم اٹھا کر پیچھے چلا گیا۔ علیؓ اسے بھی گرا سکتے تھے مگر انفرادی مقابلوں میں یہ روا نہ تھا۔ طلحہ کو اٹھا کر پیچھے لے آئے۔ اس کے خاندان کا ایک اور آدمی آگے بڑھا۔
”میں انتقام لینے کا پابند ہوں ۔“وہ للکار کر آگے گیا۔” علی آ میری تلوار کی کاٹ دیکھ۔“ حضرت علیؓ خاموشی سے اس کے مقابلے پر آ گئے ۔دونوں نے ایک دوسرے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے ایک چکر کاٹا۔ پھر ان کی تلواریں اور ڈھالیں ٹکرائیں اور اس کے بعد سب نے دیکھا کہ حضرت علیؓ کی تلوار سے خون ٹپک رہا ہے اور ان کا مد مقابل زمین پر پڑا تڑپ رہا تھا۔

(جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔)