”آ گے آ مسلمان باپ کے کافر فرزند !“حضرت ابو بکر صدیقؓ نے للکار کر کہا۔رسولِ کریمﷺ نے دیکھاکہ باپ بیٹا مقابلے پر اتر آئے ہیں تو آپﷺ نے دوڑ کر حضرت ابو بکر صدیقؓ کو روک لیا ۔”تلوار نیام میں ڈالو ابو بکر “۔رسولِ کریمﷺ نے فرمایااور ابو بکر صدیقؓ کو پیچھے لے گئے۔خالد کو جنگ کا شوروغل اب بھی سنائی دے رہاتھا۔ وہ منظر اس کی آنکھوں نے اپنی پلکوں میں محفوظ کر رکھا تھا ۔انفرادی مقابلے ختم ہوتے ہی قریش نے مسلمانوں پر ہلہ بول دیا۔ رسولِ اکرمﷺ نے احد کی پہاڑی کو اپنے عقب میں رکھا ہوا تھا۔ اس لیے مجاہدینِ اسلام کو عقبی حملے کا خطرہ نہیں تھا ۔آمنے سامنے کا معرکہ خونریز تھا۔ مسلمانوں کی نفری بہت تھوڑی تھی۔ اس کمی کو انہوں نے جذبہ تیغ زنی کے کمالات سے پورا کر دیا۔ اگرقریش کو نفری کی افراط حاصل نہ ہوتی تو وہ مسلمانوں کے آگے نہیں ٹھہر سکتے تھے ۔وہ نفری کے زور پر لڑ رہے تھے ۔خالد کی نظر رسولِ کریمﷺ پر تھی۔ آپﷺ ایک پہلو پر تھے ۔یہی پہلو تھا کہ جس پر خالد کو حملہ کرنا تھا۔اب کے اس نے اپنے سواروں کو یہ حکم دیا کہ وہ گھوڑوں کو سر پٹ دوڑاتے تنگ راستے سے آگے نکل جائیں اور مسلمانوں کے پہلو پر ہلہ بولیں مگر عبداﷲ بن جبیرؓ کے پچاس تیر اندازوں نے سواروں کو اس طرح پسپا کر دیا کہ وہ چند گھوڑے اور زخموں سے کراہتے ہوئے گھڑ سواروں کو پیچھے چھوڑ گئے۔معرکہ عروج پر تھا۔ صرف ایک آدمی تھا جو لڑ نہیں رہا تھا۔ وہ میدان ِ جنگ میں برچھی اٹھائے یوں گھوم پھر رہا تھا جیسے کسی کو ڈھونڈ رہا ہو۔ وہ وحشی بن حرب تھا۔ وہ حمزہ ؓکو ڈھونڈ رہاتھا ۔حمزہ ؓکو قتل کرنے کے اس کیلئے دو انعام تھے۔ ایک یہ کہ اس کا آقا اسے آزاد کر دے گا اور دوسرا ابو سفیان کی بیوی ہند کے وہ زیورات جو اس نے پہن رکھے تھے ۔اسے حمزہؓ نظر آ گئے وہ قریش کے ایک آدمی سبا بن عبدالعزیٰ کی طرف بڑھ رہے تھے۔ عرب میں رواج تھا کہ ختنہ عورتیں کیا کرتی تھیں ۔مؤرخ ابن ہشام کے مطابق ا سلام سے پہلے ہی عربوں میں ختنہ کا رواج موجود تھا۔ حمزہؓ نے جس سبا کو للکارا تھا اس کی ماں ختنہ کیاکرتی تھی ۔”ختنہ کرنے والی کے بیٹے “حمزہ ؓنے اسے للکارا۔”ا دھر آ اور مجھے آخری بار دیکھ لے۔“ سبا بن عبدالعزیٰ حمزہؓ کی طرف بڑھا ۔غصہ سے اس کا چہرہ لال تھا ۔وہ تلوار اور ڈھال کی لڑائی کا ماہر تھا ۔حمزہؓ بھی کچھ کم نہ تھے۔ دونوں ایک دوسرے کے قریب آئے اور ایک دوسرے پر وار کرنے لگے۔دونوں کی ڈھالیں وار روک رہی تھیں ۔وہ پینترے بدل بدل کر وار کرتے تھے ۔لیکن ڈھالیں تلواروں کے رستے میں آجاتی تھیں۔

(جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔)