شمشیر بے نیام۔۔۔۔قسط نمبر: 002
اُس وقت تک وہ اپنے قبیلے بنو مخزوم کی عسکری قوت کا قائد بن چکا تھا۔ بنو مخزوم کا شمار قریش کے چند ایک معزز خاندانوں میں ہوتا تھا ۔قریش کے عسکری امور اسی خاندان کے سپرد تھے ۔قریش خالد کے باپ الولید کے احکام اور فیصلے مانتے تھے۔ 24 برس کی عمر میں یہ حیثیت خالد کو بھی حاصل ہو گئی تھی مگر اس حیثیت کو ٹھکرا کر خالد ابو سلیمان مدینے کو جا رہا تھا۔کبھی وہ محسوس کرتا جیسے اس کی ذات سے کوئی قوت اسے پیچھے کو گھسیٹ رہی ہو۔ جب وہ اس قوت کے اثر کو محسوس کرتا تو اس کی گردن پیچھے کو مڑ جاتی لیکن اس کی اپنی ذات سے ایک آواز اٹھتی ۔”آگے دیکھ خالد! تو ولید کا بیٹا تو ہے لیکن وہ مر گیا ہے اب تو سلیمان کا باپ ہے ۔وہ زندہ ہے۔“اس کے ذہن میں دو نام اٹک گئے” محمد(رسول اﷲﷺ) جو ایک نیا دین لے کر آئے تھے اور الولید “جو خالد کا باپ اور محمدﷺ اور آپﷺ کے نئے دین کا بہت بڑا دشمن تھا ۔باپ یہ دشمنی ورثے کے طور پہ خالد کے حوالے کر کے دنیا سے اٹھ گیا تھا۔خالد کے گھوڑے نے پانی کی مشک پر اپنے آپ ہی رخ بدل لیا تھا۔ خالد نے اُدھر دیکھا اسے گول دائرے میں کھجوروں کے درخت اور صحرا کے جھاڑی نما درخت نظر آئے گھوڑا اُدھر ہی جا رہا تھا۔نخلستان میں داخل ہو کر خالد گھوڑے سے کود گیا۔ عمامہ اتار کر وہ پانی کے کنارے دو زانو ہو گیا ۔اس نے پانی چلو بھر بھر کر اپنے سر پر ڈالا اور دو چار چھینٹے منہ پر پھینکے ۔اس کا گھوڑا پانی پی رہا تھا۔ خالد نے اس چشمہ سے پانی پیا جو صرف انسانوں کے استعمال کیلئے تھا ۔یہ ایک چھوٹا سا جنگل تھا ۔خالد نے گھوڑے کی زِین اتاری اور زِین کے ساتھ بندھی ہوئی چھوٹی سی ایک دری کھول کر جھاڑی نما درختوں کے جھنڈ تلے بچھائی اور لیٹ گےا۔وہ تھک گیا تھا ۔تھوڑی دیر کیلئے سو جانا چاہتا تھا مگر اس کے ذہن میں یادوں کا جو قافلہ چل پڑا تھا وہ اسے سونے نہیں دے رہا تھا۔ اسے سات سال پہلے کا ایک دن یاد آیا جب اس کے عزیزوں نے محمدﷺ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اس منصوبے میں خالد کا باپ الولید پیش پیش تھا۔وہ ستمبر 622ءکی ایک رات تھی ۔قریش نے رسولِ خداﷺ کو سوتے میں قتل کرنے کیلئے ایسے آدمی چنے تھے جو انسانوں کے روپ میں وحشی اور درندے تھے۔ خالد قریش کے سرکردہ خاندان کا جوان تھا اس وقت اس کی عمر ستائیس سال تھی ۔وہ حضورﷺ کے قتل کی سازش میں شریک تھا لیکن وہ قتل کے لئیے جانے والوں کے گروہ میں شامل نہیں تھا۔ اسے سات سال پہلے کی وہ رات گزرے ہوئے کل کی طرح یاد تھی ۔
(جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔)