لفظ ”بلاگ(Blog)“ ویب لاگ(Web Log) سے بنا ہے۔ بلاگ ایک قسم کی ذاتی ڈائری ہی ہے جو آپ انٹرنیٹ پر لکھتے ہیں۔ ذاتی ڈائری اور بلاگ میں ایک فرق یہ ہے کہ ذاتی ڈائری آپ تک یاچند ایک لوگوں تک محدود ہوتی ہے جبکہ بلاگ پوری دنیا کے سامنے کھلی کتاب کی مانند ہوتا ہے۔ جہاں آپ اپنی سوچ اور شوق کے مطابق اپنے خیالات، تجربات اور معلومات لکھتے ہیں اور قارئین سے تبادلہ خیال کرتےہیں۔ آپ یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ بلاگ آپ کی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔ جیسے آپ ہوں گے ویسا ہی آپ کا بلاگ ہو گا۔ اس کے علاوہ جیسے آپ ذاتی ڈائری میں شاعری اور اچھی باتیں لکھتے ہیں اسی طرح بلاگ پر بھی آپ شاعری، اچھی باتیں ، تصاویر اور ویڈیوز شیئرکرسکتےہیں۔ ساری بات کا خلاصہ یہ کہ اگر آپ سوچتے اور سمجھتے ہیں کہ آپ کو اپنی سوچ اور معلومات دوسروں تک پہنچانی چاہئے تو اس کے لئے بہترین چیز بلاگ ہے۔ آسان الفاظ میں اسی کام کو بلاگنگ کہا جائے گا۔ یاد رہے بلاگ ، ویب سائیٹ کی ہی ایک قسم کا نام ہے۔
بلاگ کئی قسم کے ہوتے ہیں مثلا ڈاکٹر لوگ میڈیکل کے متعلق معلومات کے لئے بلاگ لکھتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے لوگ ٹیکنالوجی پر لکھتے ہیں۔ حالات کے ستائے حالات پر لکھتے ہیں، ادیب ادب پر لکھتے ہیں، شاعر شاعری لکھتے ہیں، فوٹو گرافر تصاویر شیئر کرتا ہے تو ویڈیوز کے شیدائی ویڈیوز شیئر کرتے ہیں۔ حتی کہ جو جو ہوتا ہے وہ بلاگ پر وہی کچھ لکھتا اور شیئر کرتا ہے اور کئی میرے جیسے بھی ہوتے ہیں جو ایک سے زیادہ موضوعات پر لکھنا اور شیئر کرنا پسند کرتے ہیں۔
جاری ہے۔